کراچی میں ایک اور جعلی اکاؤنٹ سامنے آ گیا


کراچی: محکمہ صحت سندھ کی خاتون ملازمہ کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ثروت زہرہ نامی خاتون کے نام پر فیڈرل بی ایریا کے بینک میں اکاؤنٹ کھولا گیا جس میں رقوم کی مستقل منتقلی کی جا رہی تھیں۔

متاثرہ خاتون ثروت زہرہ کا کہنا ہے کہ ٹیکس کا نوٹس ملنے پر جعلی اکاؤنٹ کے بارے میں پتا چلا، خاتون کو ایک کروڑ دس لاکھ روپے ٹیکس کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔

ثروت زہرہ نے ہم نیوز کو بتایا کہ جعلی اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے ان کا شناختی کارڈ اور موبائل نمبر استعمال کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ چار سال پہلے ان کا موبائل فون کھو گیا تھا۔

متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ وہ محکمہ صحت کی ملازم ہیں اور اس مسئلے کی وجہ سے پچھلے دو ماہ سے تنخواہ سے بھی محروم ہیں۔

ثروت زہرہ کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے بھی تحقیقات کی ہیں اور انہیں فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے رابطہ کرنے کو کہا ہے۔

ان کا مؤقف تھا کہ وہ نہیں جانتیں کہ ان کے نام پر اکاؤنٹ کس نے کھولا اور کیسے کھولا لیکن تین ماہ سے ان کا تنخواہ کا اکاؤنٹ بھی منجمد کر دیا گیا ہے اور تنخواہ بھی نہیں دی جا رہی۔


متعلقہ خبریں