پرس چوری: حکومت نے ضرار حیدر کو معطل کر دیا


اسلام آباد:  وفاقی حکومت نے کویتی وفد کے پرس اور بیگ چوری ہونے کے معاملہ پر بیسویں گریڈ کے افسر ضرار حیدر کو معطل کردیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو انکوائری کے بعد معاملہ کی ایف آئی آر درج کرانے کا حکم بھی دیے دیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ضرار حیدر کی گرفتاری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

کویتی وفد کے پرس اور بیگ چوری کا الزام گریڈ بیس کے افسرضرار حیدر پر لگا تھا۔ جس کے بعد آج وفاقی حکومت نے مذکورہ افسر کی معطلی کا آرڈر جاری کر دیا۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ضرار حیدر کو معطل کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں جرم ثابت ہونے پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو حکم دیا گیا ہے کہ معاملہ کی انکوائری کرکے اس کی ایف آئی آر درج کرائے۔

جمعرات کو مقامی ہوٹل میں کویتی وفد کے وزارت صنعت و پیداوار کے ساتھ ہونے والے اجلاس کے بعد کویتی وفد نے پرس اور بیگ کے گم ہونے کی شکایت پاکستانی حکام سے کی۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن غضنفر جیلانی نے اجلاس میں شریک تمام پاکستانی افسروں سے بیگ اور پرس کی گمشدگی کے بارے میں پوچھا لیکن اجلاس میں شریک تمام افسروں نے اس سے لاتعلقی ظاہر کی۔

سیکرٹری اقتصادی امور نے حساس اداروں کو اس معاملہ کی چھان بین کرنے کی ہدایت کی اور متعلقہ اداروں نے جب ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا تو ایک شخص کو مذکورہ پرس اٹھاتے ہوئے دیکھا گیا ۔ سی سی ٹی وی کیمروں میں نظر آنے والے شخص کے بارے میں  کہا جارہا ہے کہ یہ ضرار حیدر ہے۔


متعلقہ خبریں