عمران خان کی لاہور آمد، شہریوں کا احتجاج


لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی لاہور آمد پر شہریوں نے ان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر بلڈر مافیا کے خلاف احتجاج کیا، اس دوران پولیس کی جانب سے روکے جانے پر مظاہرین کا پولیس سے تصادم بھی ہوا۔

پنجاب حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ کے نئے بلدیاتی نظام پر بھی وزیر اعظم سے حتمی منظوری لی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر لاہور پہنچے تو احتجاج کی وجہ سے انہیں رہائش گاہ کی عقبی دروازہ سے زمان پارک داخل ہونا پڑا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کی آمد کے موقع پر اُن کی رہائش گاہ زمان پارک کے قریب شہریوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔ مظاہرین ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام سے فراڈ کرنے والے ڈاکٹر امجد کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔

مظاہرین نے عمران خان کی رہائش گاہ کے دروازہ پر پہنچنے کی کوشش کی تو سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں زبردستی روکا جس سے مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ جس کے بعد مظاہرین نے کنال روڑ پر ٹریفک بلاک کر کے احتجاج کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر امجد لاکھوں روپے لینے کے باوجود پلاٹ کا قبضہ نہیں دے رہا اور نہ ہی رقم واپس کر رہا ہے۔ مظاہرین میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل رہی۔

حکومت پنجاب کی جانب سے تیار کیے گئے نئے بلدیاتی نظام کی بھی آج حتمی منظوری کا امکان ہے۔ سینیئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، وزیر اعظم کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بہترین بلدیاتی نظام لانے کے لیے ہوم ورک کر لیا گیا ہے۔ نئے بلدیاتی نظام میں ماضی کے تجربات اور خامیوں کو سامنے رکھیں گے۔

عبدالعلیم خان نے دعویٰ کیا کہ ہم ایسا نظام لائیں گے جس کی سیاسی مخالفین بھی حمایت کریں گے۔ اس نئے نظام میں عوامی مسائل حل ہوں گے اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات ملیں گے۔ یہاں اب بے اختیار اور فرسودہ نظام نہیں چل سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں