جنرل اسمبلی اجلاس، شاہ محمود واشنگٹن پہنچ گئے


اسلام آباد: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔ امریکی دارالحکومت میں ایک روز قیام کے بعد وہ۔

ایک ہفتہ کے دورے پر امریکہ پہنچنے والے شاہ محمود قریشی 29 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73ویں سیشن سے خطاب کریں گے۔ نیویارک میں منعقد ہونے والا اجلاس تعطیلات کے علاوہ نو روز تک جاری رہے گا۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے جوابی خط میں دی گئی تجویز کے تحت پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہونا تھی تاہم بھارت اس تجویز کو ماننے کے بعد مکر گیا تھا۔ مودی سرکار کے یوٹرن کے بعد پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات ملتوی کر دی گئی ہے۔

بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج بھی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس سے 29 ستمبر کو ہی خطاب کریں گی۔

شاہ محمود قریشی نے امریکہ کے سفر میں دوحہ ایئر پورٹ پر اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے اشتعال انگیز بیان بازی انتہائی افسوسناک ہے۔ پاکستان اور بھارت مل کر اپنے تصفیہ طلب مسائل حل کر سکتے ہیں جو پورے خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی اپنے دورہ امریکہ کے دوران اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملیں گے جب کہ امریکہ میں قیام کے دوران امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو سے واشنگٹن میں ملاقات کا امکان ہے۔

پاک امریکہ وزرائے خارجہ ملاقات شاہ محمود قریشی اور ان کے امریکی ہم منصب کے درمیان رواں ماہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کا تسلسل ہو گا۔

امریکی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے دوران دونوں ملکوں نے اپنے مسائل زدہ دوطرفہ تعلقات کو ازسرنو تشکیل دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

شاہ محمود امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے واشنگٹن میں خطاب کریں گے

پاکستانی دفتر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کے دورہ امریکہ کے متعلق کہا تھا کہ وہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی شاہ محمود قریشی کے ہمراہ امریکہ پہنچی ہیں۔

توقع ہے کہ شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں سمیت دیگر عالمی تنازعات پر بھی بات کریں گے۔


متعلقہ خبریں