شاہین ایئرلائن: عملے کا تنخواہوں کے بغیرجہاز اڑانے سے انکار


اسلام آباد: شاہین ایئرلائنزکے عملے نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اڑان بھرنے سے انکارکردیا جس کی وجہ سے مدینہ منورہ سے پاکستان آنے والے مسافر سعودی عرب کے ایئرپورٹ پر پھنس گئے۔

ہم نیوز کے مطابق اڑان بھرنے سے انکار کرنے والوں میں پائلیٹس اور کیبن کریو شامل ہیں۔

ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ چار ماہ سے پائلیٹس اور دیگر عملے کے ملازمین کو تین ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پائلیٹس اور کیبن کریو کے علاوہ دیگر شعبہ جات کے ملازمین بھی گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق شاہین ایئرلائنز کی پرواز نے دوپہر ایک بجے پاکستان کے لیے اڑان بھرنا تھی۔ شیڈول کے مطابق پرواز نے مدینہ منورہ سے کراچی اور پھراسلام آباد آنا تھا۔

ذرائع کے مطابق پرواز کے پائلٹ اور کیبن کریو نے تنخواہوں کی ادائیگی سے قبل پرواز اڑانے سے انکار کردیا ہے۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی مسافر گزشتہ کئی گھنٹوں سے ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔

شاہین ایئرلائنز کی انکوائری کا پرواز کی اڑان میں تاخیر کے متعلق کہنا ہے کہ تیکنیکی خرابی کے باعث اڑان نہیں بھری جاسکی ہے۔ 

ہم نیوز کو ایئرلائنز کی انکوائری نے بتایا کہ پرواز کے مسافروں کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ پروز کی اڑان کے متعلق استفسار پر انکوائری کا کہنا ہے کہ شب آٹھ بجے مزید معلومات کے لیے فون کرلیں۔


متعلقہ خبریں