نواب شاہ: صوبہ سندھ کے ضلع نواب شاہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او) سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے کی جس سے تین افراد جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایس ڈی او حیسکو کریم بخش ڈاھری بھی شامل ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کریم بخش ڈاھری ،رسول بخش ڈاھری اورعبدالغفور ڈاھری کے نام سے ہوئی ہے۔
نواب شاہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان قبرستان کے قریب گھات لگائے ہوئے بیٹھے تھے۔ وقوعہ کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور نعشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کے لیے لواحقین کے حوالہ کر دیا جائے گا۔
نواب شاہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔