ہائی کورٹ کا فیصلہ انصاف اور قانون کی فتح ہے، ن لیگ



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی رہائی سے متعلق فیصلہ کو انصاف اور قانون کی فتح قرار دیا ہے۔

ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے اپنے پیغام میں قرآنی آیت شیئر کی، جس کا مفہوم ہے کہ ’حق آ گیا اور باطل مٹ گیا، بے شک باطل مٹنے ہی کے لیے ہے‘۔

مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما اورسابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ انصاف اور قانون کی فتح ہے، ہرشخص کو نظر آ گیا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمات انتقام پر مبنی ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر شریف خاندان کی سزائیں معطل ہونے کے بعد میڈیا سے گفتکو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی سزائیں انتقام پر مبنی ہیں۔ ان مقدمات کا مقصد انتقام اور پری پول رگنگ تھا۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ مقدمات ایک پارٹی کی کامیابی کا راستہ ہموار کرنے کے لیے درج کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے گلگت تک نون لیگ کے کارکنان اور عوام نے نواز شریف کی رہائی کے لیے دعائیں کی ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حواجہ آصف نے کہا کہ آج انصاف کی فتح ہوئی ہے اس پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز اور صفدر تمام مقدمات میں سرخروں ہونگے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، آج انصاف کی فتح ہوئی ہے، نواز شریف کے چاہنے والوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پروزیراعلی گلگت بلتستان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ نیب فیصلہ کی معطلی انصاف اورسچ کی فتح ہے. حفیظ الرحمن کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی عدالت سے فتح یابی ستم گروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ 

ہائیکورٹ کے فیصلہ کے بعد سینیٹر ڈاکٹرآصف کرمانی نے فیصلہ پرپوری قوم اور مسلم لیگی کارکنوں کو مبارک دی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے نواز شریف کو ہمیشہ سرخرو کیا ھے۔

لیگی کارکنان کا جشن

ہائیکورٹ کے فیصلہ کے بعد پورے ملک میں نون لیگی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور اس فیصلہ پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ 

لاہور میں نون لیگ کے کارکنان پریس کلب کے باہر جمع ہوئے اور شیر شیرکے نعرےلگا ئے۔

کارکنان نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اور نواز شریف کے پوسٹر اور تصاویر اٹھا رکھے تھے۔ گوجرانوالہ میں سابق وزیر دفاع خرم دستگیرخان کے ڈیرے پر کارکنوں نے جشن منایا۔  کارکنوں نے نواز شریف اور مریم نواز کے حق میں نعرے بازی کی۔ لیگی کارکنوں نے ایک دوسرے کو مٹھائی بھی کھلائی۔ 

 خانیوال، میاں چنوں، فیصل آباد، سرگودھا اور دوسرے شہروں میں بھی نواز لیگ کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، مٹھائی تقسیم کی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ 

میرراولپنڈی سردار نسیم اختر کارکنان کے ساتھ  اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے۔ 

 انہوں نے کہا کہ جھوٹی جے آئی ٹی بنائی گئی،  جھوٹےمقدمات بنائے گئے اور نواز شریف اور مریم نواز کو انتخابات سے باہر رکھا گیا۔ سردار نسیم کا کہنا تھا کہ جعلی مینڈیٹ کی گورنمنٹ بنانے کے لیے یہ سب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز کو زندگی کی کشمکش میں چھوڑ کر نواز شریف نے جیل کاٹی۔ 

میر راولپنڈی نے کہا کہ نواز شریف کا شانداراور تاریخی استقبال کریں گے

نواز، مریم اور کیپٹن صفدر کی رہائی کی تیاریاں

دوسری طرف سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اڈیالہ جیل سے رہائی کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ کچھ دیر میں عدالتی عملہ روبکار لے کر اڈیالہ جیل پہنچے گا جس کے بعد تینوں کی رہائی عمل میں لائی جائے گی۔

فیصلہ کا اعلان ہوتے ہی نواز لیگ کے مقامی رہنما اورکارکنان اڈیالہ جیل کے باہر جمع ہوگئے۔ 

رہائی کے بعد نوازشریف، مریم نواز اورکیپٹن صفدر میڈیا سے گفتگو کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں