لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے صوبہ پنجاب میں تنظیمی اعتبار سے جماعت کو تین حصوں میں تقسیم کردیا ہے۔ جماعت کے شمالی پنجاب ، وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں الگ الگ تنظیمی امرا ہوں گے۔
جماعت اسلامی کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے مطابقہ فیصلہ مجلس شوریٰ کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ جماعت کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے تنظیمی اعتبارسے کی جانے والی تقسیم کو ’صوبوں کا قیام‘ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے جنوبی پنجاب کو الگ ’صوبہ‘ بنا کر جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیاہے اور امید ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا اپنا وعدہ جلد پورا کرے گی۔
قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی تنظیمی بنیادوں پر چھوٹے صوبے بنانے کے حق میں ہے اور لسانی ، علاقائی و قومیت کی بنیادوں پر صوبوں کی تقسیم کے قطعاً خلاف ہے۔
سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ایسا کام جس سے قومی یکجہتی اور اتحاد کو نقصان پہنچے وہ ملک و قوم کے لیے فائدہ مند نہیں ہوسکتا۔