کراچی: صوبہ سندھ میں نئے تعینات ہونے والے انسپکٹرجنرل (آئی جی) پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے یہ بات گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنرہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی، ملاقات میں صوبہ میں امن و امان کی صورتحال سمیت پولیس کے کردار جیسے اہم امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پولیس نے صوبے میں امن قائم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے شمار قربانیاں ہیں۔
کراچی آپریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانیاں بھولی نہیں جا سکتیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کے باعث ہی ملک کے معاشی حب کراچی میں امن قائم ہوا ہے۔
ملاقات میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سندھ پولیس کے اقدامات اور دیگر باتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔