اسلام آباد: وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی ) نے ملک میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی تیار کر لی ہے جس کے ذریعے لائن لاسز اور بجلی چوری میں 90 فیصد تک کمی لائی جا سکے گی۔
آئی ٹی حکام نے یہ انکشاف بدھ کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے اجلاس میں کیا۔
سینیٹر روبینہ خالد کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں آئی ٹی حکام نے بتایا کہ یہ ٹیکنالوجی اسمارٹ میٹرز اور اسمارٹ گرڈ سے بہتر ہے اور پی ٹی سی ایل کی طرز پربلنگ کرتی ہے جس کی وجہ سے بجلی چوری کرنے والے اشخاص کی باآسانی نشاندہی بھی کی جا سکے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزارت آئی ٹی نے اس ٹیکنالوجی کا تجربہ ایم ای ایس پشاور اور ایم ای ایس راولپنڈی میں کیا اور اس کی مدد سے ایک سال میں 35 فیصد بجلی چوری روکنے میں کامیابی ہوئی۔
حکام نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ ان کی وزارت نے سابق حکومت کو بھی اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے بریفنگ دی تھی مگر انہوں نے کوئی دلچسپی ظاہر نہ کی۔ آئی ٹی حکام کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکنالوجی کو وزارت توانائی کے حوالے کرے تو فائدہ ہو گا۔
کمیٹی نے وزارت آئی ٹی کو آئندہ اجلاس میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی ہے۔