وزیراعظم عمران خان کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ


راولپنڈی: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے انٹرسروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ہے جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائرکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ان کا استقبال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم نے یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کو تزویراتی انٹیلیجنس اور قومی سلامتی کے معاملات پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ملکی سلامتی اور خصوصاً انسداد دہشت گردی کے لیے آئی ایس آئی کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی ہماری پہلی دفاعی لائن ہے اور دنیا کی بہترین انٹیلیجنس ایجنسی کا مقام رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام مکمل عزم کے ساتھ اپنی مسلح افواج اور انٹیلیجنس ایجنسی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی کامیابیوں کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی کابینہ کے ارکان بھی وزیراعظم کے ساتھ موجود تھے۔


متعلقہ خبریں