لاہور: لندن کے طبی مرکز میں انتقال کر جانے والی سابق خاتون اول کلثوم نواز کی تدفین لاہور میں کیے جانے کا امکان ہے۔
ہم نیوز کے مطابق بیگم کلثوم نواز کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری ہونے کے بعد ان کی میت کو ہارلے کلینک سے منتقل کردیا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے میں تین سے چار دن درکار ہیں، اس دوران میت کو سرد خانے میں رکھا جائے گا۔
شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تین بار پاکستان کی خاتون اول رہنے والی کلثوم نواز کی تدفین جاتی امرا میں کی جائے گی تاہم اس بات کا حتمی فیصلہ نواز شریف و دیگر کریں گے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کلثوم نواز کی میت وطن لانے کے لیے لندن جائیں گے۔ توقع ہے کہ حمزہ شہباز بھی ان کے ہمراہ جائیں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو بیگم کلثوم کی آخری رسومات میں شرکت کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کی پے رول پر رہائی کے لیے کاغذات تیار کیے جارہے ہیں۔
منگل کو کلثوم نواز کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شہباز شریف لاہور سے اسلام آباد پہنچے تو جیل جاتے وقت ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز، سلمان شہباز، مریم نواز کی بیٹی اور داماد بھی ان کے ہمراہ تھے۔