کلثوم نواز کے انتقال پر وزیراعظم، آرمی چیف ودیگر کی تعزیت


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سابق خاتون اول کلثوم نواز کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن لندن کو مرحومہ کے لواحقین کو تمام سہولیات دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بیگم کلثوم کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا، وہ انتہائی باوقار خاتون تھیں اور انہوں نے بیماری کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے شریف خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔

 

صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کی بلندی درجات کے لیے دعا کی ہے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے بھی سابق خاتون اول کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام بھیجا گیا ہے۔

 

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی سابق خاتون اول کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوے کہا گیا ہے کہ وہ ہماے لیے انتہائی قابل احترام ہیں۔ وہ ایک آمر کے سامنے اکیلے چٹان کی طرح ڈٹی رہیں۔ اللہ انہیں جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

 

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں، انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے جمہوریت کے لئے جدوجہد کی۔

بختاور بھٹو زرداری نے بھی خاتون اول کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ہمدردی نواز خاندان بالخصوص مریم نواز کے ساتھ ہیں۔بختاور بھٹو نے کہا کہ کلثوم نواز ایک ماں، بیوی اور سابق خاتون اول تھیں اللہ انہیں جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز بہادر خاتون تھی، ان کی وفات پر انتہائی افسوس ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی بیگم كلثوم نواز كے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو جنت میں جگہ عطا فرمائے۔

 

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر اور حوصلے سے برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔

فاطمہ بھٹو زرداری نے بھی سابق خاتون اول کے انتقال پر شریف خاندان کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور ان کے خاندان کو صبر عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دکھ  کی اس گھڑی میں وہ شریف خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

پاکستان پیپپلزپارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے بھی سابق خاتون اول کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کو جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کے لیے بیگم کلثوم نواز کی کوششیں و قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کلثوم نواز کے غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلافارقی نے بھی سابق خاتون اول کے انتقال کے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے خاندان کو صبر عطا فرمائے۔

 

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر محمد قاسم خان سوری نے بھی بیگم کلثوم نوا ز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا بیگم کلثوم نواز کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کلثوم نواز کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا لندن میں پاکستانی سفارت خانے کو ہدایت کردی گئی ہے کہ ہر ممکنہ طریقے سے لوحقین کی مدد کی جائے۔

 

پاکستان میں جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے کلثوم نواز کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کلثوم نواز باہمت و باوقار خاتون تھیں ملک میں بحالی جمہوریت کے لیئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے بھی کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن ) کی سینئر رہنما تہمینہ دولتانہ ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبدیدہ ہو گئیں۔ انہوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز بہادر اور عظیم لیڈر تھیں ان کا پارٹی میں عظیم کردار ہے۔

ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کلثوم نواز کا انتقال ان کے شوہر، ان کی بیٹی اور داماد کے لیے المناک لمحہ ہے۔ محمد زبیر نے کہا کہ اللہ کلثوم نواز کو جنت میں اعلیٰ مقام  اور ان کے اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔

 محمد زبیر نے کہا کہ کلثوم نواز پڑھی لکھی اور باوقارخاتون تھیں، وہ ہمیشہ مریم نواز کو حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے اور ہمت نہ ہارنے کا مشورہ دیتی تھیں۔

وزیراطلاعات  چودھری فواد حسین نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت  اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز باہمت اور بہادرخاتون تھیں اور کٹھن حالات میں بھی ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی حکومتوں  کے اجلاس کے دوران بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی خبر ملی تو وزیراعظم نے اجلاس روک کر بیگم کلثوم نواز کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے لندن میں پاکستانی کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ نواز خاندان کو تمام معاونت فراہم کی جائے۔

سینئر لیگی رہنما جاوید ہاشمی نے بھی سابق خاتون اول کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور انکے لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انورخان نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے بلند درجات کے لیے دعا کی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز گیارہ ستمبر کو کینسر کے عارضہ کے باعث 68 برس کی عمر میں لندن کے اسپتال میں انتقال کر گئی ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کو اگست 2017 میں لندن کے ہارلے کلینک لے جایا گیا جہاں انہیں کینسر تشخیص کیا گیا۔ جون 2018 میں دل کا دورہ پڑنے پر انہیں اسی طبی مرکز میں دوبارہ داخل کرایا گیا، جہاں وہ وفات تک زیر علاج رہیں۔


متعلقہ خبریں