کرکٹ ٹیم کا ڈیم فنڈ میں 32 لاکھ دینے کا اعلان


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پوری ٹیم کی جانب سے ڈیم فنڈ میں 32 لاکھ روپے جمع کرانے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیم سےمتعلق اعلان کے بعد تمام کھلاڑی عطیہ دے رہے ہیں، ڈیموں کی تعمیر سے آئندہ آنے والی نسلوں کو فائدہ ہوگا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ فی الحال ہر کھلاڑی نے ڈیم کی تعمیر کے لیے دو لاکھ روپے دیے ہیں مستقبل میں بھی جتنی مدد ہوسکی کریں گے۔

15 ستمبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں بہترین ٹیمیں کھیل رہی ہیں، ہم بھی اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

19 ستمبر کو ہونے والے پاک بھارت میچ سے متعلق قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ روایتی حریف کے خلاف دباؤ ہوتا ہے لیکن ہم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

ایشیا کپ کی تیاریوں سے متعلق ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیم کا مورال بہت ہائی ہے، میں بیٹنگ پر توجہ دینے کی کوشش کر رہا ہوں، میرا وزن بالکل پرفیکٹ ہے اور پہلا ٹیسٹ بھی بہت اچھا ہوا ہے۔

کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کی 16 رکنی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ 2018 کے لیے آج  متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہو گی۔


متعلقہ خبریں