دھاندلی سے جیتنے والا اصل میں ہار جاتا ہے، حمزہ شہباز


لاہور: رہنما مسلم لیگ ن  حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کبھی کبھی انسان دھاندلی کے ووٹ پر جیت جاتا ہے لیکن وہ جیت کر بھی ہار جاتا ہے۔

لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کی رات پتا چلا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹ اندر بند کر دیے گئے اور فارم 45 کا تو کچھ معلوم ہی نہیں لیکن تمام کوششوں کے باوجود ایک لاکھ  46 ہزار ووٹ حاصل کیے۔

انہوں نے کہا کہ عزت کرسیوں سے نہیں ہوتی یہ تو اوپر والے کی طرف سے ہوتی ہے۔ عمران خان نے آج بھاشا ڈیم کی بات کی ہے جبکہ اس کے لیے نوازشریف نے 100 ارب روپے مختص کیے تھے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آج قوم دیکھ رہی ہے وفاقی اور صوبائی کابینہ میں کون لوگ بیٹھے ہیں، سب کچھ عوام کے سامنے ہے اور پنجاب اسمبلی کا اسپیکر وہ ہے جس کے دونوں ہاتھ اسکینڈلز سے بھرے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ووٹ پر جو ڈاکہ ڈالا گیا ہے اس پر کمیشن بننا چاہیے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم بہت جلد تحریک انصاف کی کمر توڑ دیں گے اور اگر بلدیاتی نظام کو ختم کیا گیا تو اسمبلیوں کے اندر اور باہر دمادم مست قلندر کریں گے۔


متعلقہ خبریں