امریکہ نے فیصلہ کن اقدامات کا پھر مطالبہ کردیا


اسلام آباد: امریکہ کے سیکرٹری خارجہ مائک پومپیو نے اسلام آباد کوپیغام دیا ہے کہ پاکستان کو خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ بننے والے دہشت گردوں اور جنگجوؤں کے خلاف مستقل اور فیصلہ کن اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

امریکہ کے دفترخارجہ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ کے مطابق مائک پومپیونے پاکستانی حکام سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں مذاکرات کے ذریعے قیام امن میں پاکستان اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ دو دیہائیوں کے دوران بلین ڈالرز کا معاشی نقصان اٹھا کر اورہزاروں فوجی و عام شہریوں کی جانوں کی قربانی دے کر انتہاپسندوں و جنگجوؤں کو شکست سے دوچار کیا ہے۔

مملکت خداد میں جس طرح دہشت گردی و دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا گیا ہے اس کی دوسری کوئی مثال امریکہ سمیت دنیا کا کوئی ملک پیش کرنے سے قاصر ہے۔

افسوسناک امر ہے کہ امریکہ روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر شک و شبہ کا اظہارکرنے سے باز نہیں آرہا ہے۔ وہ جس طرح ڈو مور کا مطالبہ کرتا ہے اس سے عوام میں امریکہ کے خلا ف غم و غصہ بڑھتا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ امریکہ ہماری قربانیوں کو نظرانداز کرکے قوم کی توہین کا مرتکب ہورہا ہے۔ 

مائک پومپیو اورجنرل جوزف کے پانچ گھنٹے کے دورہ پاکستان کے متعلق امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سیکریٹری خارجہ اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف نے وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر اعلیٰ سول و عسکری شخصیات سے ملاقات کی اورنئی منتخب حکومت کے قیام پر مبارکباد دی۔

ترجمان کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ کی اپنے ہم منصب پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی جس میں مشترکہ ترجیحات اورعلاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان وامریکہ کے مل کر کام کرنے امکانات اور اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی اعلامیہ کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں سیکریٹری  خارجہ مائیک پومپیو نے نئی حکومت کو ہموار انتقال اقتدار کا خیر مقدم کیا اور مضبوط جمہوری اداروں کی اہمیت پر زور دیا۔

امریکہ کے دفتر خارجہ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سی آئی اے کے سابق سربراہ اورموجودہ سیکریٹری خارجہ نے بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں مزید تعاون کی امید کا بھی اظہارکیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ پاکستان کا دورہ مکمل کرکے بھارت پہنچے تو نئی دہلی ایئرپورٹ پر بھارتی ہم منصب سشما سوراج نے استقبال کیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو اورسیکریٹری دفاع جیمز میٹس بھارت میں ٹو پلس ٹو مذاکرات میں بھارتی ہم منصبوں سشما سوراج اورنرملا سیتھارامن سے مذاکرات کریں گے۔


متعلقہ خبریں