کراچی: مقابلہ میں تین دہشت گرد مارے گئے، پولیس


کراچی: پولیس کے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے دعوی کیا ہے کہ اتحاڈ ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلہ میں تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

اے وی سی سی کا کہنا ہے کہ پولیس مقابلہ میں مارے جانے والے تینوں مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے ہے۔ ہلاک ملزمان کی شناخت رحمت، زبیر اور فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اینٹی وائلنٹ کرائم سیل(اے وی سی سی) نے حساس اداروں کے ساتھ مل کر رئیس امروہی گوٹھ اتحاد ٹاؤن میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران پہلے سے وہاں موجود مبینہ دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تلاشی آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا جس میں مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا گیا۔

اے وی سی سی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین ملزمان ہلاک ہوئے ہیں۔ دہشت گرد وں نے کراچی میں تخریب کاری کا منصوبہ بنایا تھا اور مستونگ طرز کی  کارروائی کرنا چاہتے تھے۔

پولیس نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ممکنہ طور پر دو خودکش حملہ آور تھے اور ایک دہشت گرد خود کش جیکٹ پہننے کی کوشش کررہا تھا۔

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے سینئیر سپریٹینڈنٹ پولیس افسر(ایس ایس پی) عرفان بہادر کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ اور دو خودکش جیکٹس بھی برآمد کی گئی ہیں۔

سرچ آپریشن کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو مزید تلاشی کے لیے طلب کیا گیا۔


متعلقہ خبریں