آصف زرداری نے اپوزیشن کو کمزور کیا ہے، سلیم صافی



اسلام آباد: سینئر صحافی اور نیوز اینکر سلیم صافی نے کہا ہے کہ ویسے تو صدارت کے لیے اعتزاز احسن بہت موزوں انتخاب ہیں لیکن یوں لگتا ہے جیسے اپوزیشن کو کمزور کرنے کے لیے آصف علی زرداری کے ذریعے یہ کھیل کھیلا گیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اگر اعتزاز احسن کے حق میں دستبردار ہو جائیں تو زیادہ بہتر ہو گا، مولانا صاحب جو کچھ کر رہے ہیں وہ فقط لہو گرم رکھنے کا ایک طریقہ ہے۔

پروگرام میں شریک سابق نگراں وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل نعیم لودھی نے کہا کہ امریکہ کا پاکستان کی امداد روک دینا ظاہر کرتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جس آزاد خارجہ پالیسی کا اعلان کیا تھا اس کے پہلے امتحان کا وقت آ چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سفارت کاری میں کبھی دروازے بند نہیں کیے جاتے، امریکہ سے کسی دباؤ کے بغیر معاملات طے کیے جائیں کیونکہ اگر کوئی امریکہ سے دب جاتا ہے تو امریکہ اسے مزید دباتا ہے۔

سابق وزیردفاع کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ امریکہ کو چبھ رہا ہے، پاکستان کا چین کے قریب ہونا بھی امریکہ سے برداشت نہیں ہو رہا۔

سابق آئی جی پولیس سرمد سعید نے کہا کہ پنجاب پولیس سیاسی دباؤ اور اثر و رسوخ سے آزاد نہیں ہے جبکہ خیبرپختونخوا پولیس میں یہ دباؤ کم ہے، تمام صوبوں کی پولیس کو سیاسی اثرورسوخ اور دباؤ سے ہٹ کر فیصلے کرنے میں اور اس حوالے سے اصلاحات لانے میں تھوڑا وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو خودمختار ہونا چاہیے کیونکہ یہ بات متعدد بار وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کہی گئی ہے۔

سماجی کارکن علی معین نوازش نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولوں میں فیسوں کے بڑھنے پر شور مچانے کے بجائے سرکاری اسکولوں کو بہتر بنانا زیادہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی غلطی یہ ہے کہ وہ سوچے سمجھے بغیر فیسیں بھرتے جاتے ہیں اور جب پانی سر سے اوپر گزر جاتا ہے تو پھر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں