ڈپٹی کمشنر کا تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کے خلاف خط


لاہور: چکوال کے ڈپٹی کمشنر غلام صغیر شاہد نے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار علی خان پر سرکاری کاموں میں مداخلت کا الزام لگایا ہے۔

ہم نیوز کو موصول ہونے والے اس خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این اے ذوالفقار علی خان نے انہیں تقرریوں اور تبادلوں کے لیے کہا ہے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ 31 اگست کو رکن اسمبلی نے انہیں محکمہ مال کے 17 اہلکاروں کی فہرست بھیجی اور ان کی تقرریوں اور تبادلوں کا کہا۔

غلام صغیر شاہد نے خط میں مزید لکھا کہ مذکورہ فہرست میں گرداور، پٹواری اور ریڈرز سمیت محکمہ مال کے دیگر اہلکاروں کے نام شامل تھے، ذوالفقار علی خان خط بھیجنے کے بعد ڈپٹی کمشنر کے دفتر بھی آئے اور اپنی بات دہرائی۔

خط کے متن کے مطابق 3 ستمبر کو مذکورہ ایم این اے نے فون کر کے ایک بار پھر تقرریوں اور تبادلوں کا کہا، ڈپٹی کمشنر کے مطابق انہوں نے ایم این اے کو انکار کر دیا۔

تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ذوالفقار علی خان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے  ڈپٹی کمشنر کو فون کر کے ایک پٹواری کا تبادلہ نہ کرنے کا کہا تھا تاہم انہوں نے کہا کہ  17 افسروں کے تبادلے کی فہرست والی بات غلط ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے خط کی کاپی چیف الیکشن کمشنر اور رجسٹرار سپریم کورٹ کوبھی ارسال کر دی ہے۔


متعلقہ خبریں