پنجاب میں اپوزیشن لیڈر کا نوٹی فکیشن جاری نہ ہوسکا

پنجاب اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے شروع، نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے

لاہور: صدارتی انتخاب میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے لیکن پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تقرری کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں ہوسکا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار صدارتی انتخابات کے موقع پر ملک کی سب سے بڑی صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نہیں ہوگا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کی بطور قائد حزب اختلاف تقرری روکی گئی ہے۔ اسپیکر سیکرٹریٹ نے قائد حزب اختلاف کے لئے اراکین کی ریکوزیشن پر دستخط مشکوک ہونے کا اعتراض لگا رکھا ہے۔

مسلم لیگ نون کے اراکین اسمبلی میں سے 13 ارکین کی جانب سے تحریری تصدیق کے باوجود نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔ معاملہ پر مسلم لیگ نون کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تاہم اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کسی بھی قسم کی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے قائد حزب اختلاف کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کی صورت میں انتخاب کے روز احتجاج کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

پنجاب میں تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی حکومت بننے کے بعد ن لیگ صوبہ میں اپوزیشن جماعت کا کردار ادا کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں