ایشین گیمز ہاکی: پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست


جکارتہ: انڈونیشیا میں جاری 18ویں ایشین گیمز میں تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی ہے۔

بھارت نے میچ کے دوسرے ہاف میں ایک گول کی برتری حاصل کر لی تھی، چوتھے ہاف کے آغاز میں ہرمن پریت سنگھ نے شاندار گول کر کے بھارت کی برتری مزید مضبوط کر دی۔

بھارت کی جانب سے دوسرے گول کے تین منٹ بعد ہی محمد عتیق نے جوابی حملہ کیا اور  پاکستان کی جانب سے پہلا گول اسکور کیا، لیکن بد قسمتی سے ٹیم مقررہ وقت کے اختتام تک دوسرا گول نہ کر سکی اور پاکستان یہ میچ 2-1 سے ہار گیا۔

س سے قبل ایونٹ کے سیمی فائنل میں بھی پاکستان کو جاپان کے ہاتھوں صفر کے مقابلےمیں ایک گول سے شکست ہوئی تھی تاہم قومی ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر اچھا کھیل پیش کیا.

ایشین گیمز کے اب تک ہونے والے ہاکی مقابلوں میں قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پانچ پول میچز میں حریف ٹیموں کے خلاف 45 گول اسکور کیے ہیں۔ اب تک ملائشیا پاکستان کے خلاف ایک گول اسکور کرنے والی واحد ٹیم ہے۔

پاکستان نے اپنے پہلے دو میچوں میں تھائی لینڈ اور عمان کو دس، دس گول سے شکست دی تھی، ایونٹ کے تیسرے میچ میں قازقستان کو 0-16 سے اور چوتھے پول میچ میں ملائیشیا کو 1-4 سے ہرایا تھا۔

ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری اور بھارت سے پہلی شکست کے بعد پاکستان کانسی کے تمغے کی دوڑ سے باہر ہو گیا ہے جبکہ بھارت نے دو ایک سے میچ جیت کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا ہے۔


متعلقہ خبریں