جلال آباد میں پاکستان نے قونصل خانہ بند کر دیا


اسلام آباد: پاکستان نے افغان شہر جلال آباد میں گورنر کی مداخلت پر اپنا قونصل خانہ بند کر دیا ہے۔

ترجمان سفارت خانہ کے مطابق افغان حکومت کو جلال آباد میں پاکستان قونصل خانہ بند کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ افغان گورنر حیات اللہ کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے کے امور میں بے جا مداخلت افسوس ناک ہے اور اسی وجہ سے سفارت خانہ بند کیا گیا ہے، گورنر کی قونصل خانے کے امور میں مداخلت ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

پاکستانی سفارت خانے نے افغان گورنر حیات اللہ کی مداخلت پر افغان وزارت خارجہ سے بھی رابطہ کیا اور جلال آباد قونصل خانے کی سیکیورٹی بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سیکیورٹی 28 اگست کی پوزیشن پر بحال نہیں ہو گی اس وقت تک جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ بند رہے گا۔

ماضی میں بھی جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، نومبر 2017 میں جلال آباد میں ہی قونصل خانے کے ایک رکن کو نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جس پر پاکستان نے افغانستان سے احتجاج کرتے ہوئے افغان سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا تھا۔


متعلقہ خبریں