اداکارہ نرگس قابل احترام ہیں، فیاض الحسن چوہان

اداکارہ نرگس قابل احترام ہیں، فیاض الحسن چوہان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اداکارہ نرگس ہمارے لیے بہت قابل احترام ہیں، انہوں نے فلم اور تھیٹر کے لیے بہت کام کیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں میڈیا پر وائرل ہونے والے اپنے حالیہ بیان کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی بات کا وہ مطلب نہیں تھا جو میڈیا پر دکھایا گیا۔

صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں ایک بات کہی جسے اتنا بڑھایا جا رہا ہے تاہم  وہ اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔

پروگرام میں موجود پی ٹی آئی کی رہنما کنول شوزب نے کہا کہ اسلام ہمیں ہر کسی کا احترم کرنے کا درس دیتا ہے، فیاض الحسن چوہان کی باتوں کی حمایت نہیں کرتی۔

پروٹوکول کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور انہیں سیکیورٹی کی ضرورت ہے، جس دن انہوں نے حلف اٹھانا تھا اس دن کچھ لوگ انہیں قتل کرنے کے ارادے سے اسلام آباد آئے تھے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما رومینہ خرشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سوشل میڈیا پر کافی ایکٹو ہیں، ویسے بھی وہ سوشل میڈیا کے ہی وزیراعظم ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کے بیاں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب عورت کی تذلیل کی اجازت نہیں دیتا۔

مشہور مذہبی عالم بلال قطب کا کہنا تھا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے جتنی محبت پاکستان کے لوگ کرتے ہیں، اتنی محبت کہیں اور نہیں دیکھی۔

تحریک لبیک کے ممکنہ دھرنے کے حوالے سے بلال قطب کا کہنا تھا کہ اکثر ہم محبت میں ایسے کام کر جاتے ہیں جو غلط ہوتے ہیں، ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے راستے بند کرنے سے منع فرمایا ہے جبکہ اس احتجاج میں راستے بند ہوں گے، کہیں نہ کہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  کی محبت میں انہی کے احکامات کی نافرمانی ہو جاتی ہے۔


متعلقہ خبریں