ملک میں ہیلی کاپٹر کافی سے بھی سستا ہے، فیصل کنڈی

ملک میں ہیلی کاپٹر کافی سے بھی سستا ہے، فیصل کنڈی

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملک میں واقعی تبدیلی آ گئی ہے کیونکہ اب ہیلی کاپٹر کی سواری کافی کے مگ سے بھی سستی ہو چکی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو تحریک انصاف کی حکومت کو آئے ایک ہفتہ ہوا ہے کچھ عرصہ تک علم ہو گا کہ مزید کیا ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے حالیہ پروٹوکول کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج تحریک انصاف میں وہی لوگ شامل ہیں جنہیں پروٹوکول کی عادت ہے، یہی وجہ ہے کہ اس طرح کے واقعات ہوتے رہیں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے استفسار کیا کہ عمران خان نے پہلے عثمان بزدار کی حمایت میں ٹوئٹ کی تھی تو آج پروٹوکول کے معاملے ان کے خلاف کوئی بات کیوں نہیں کی۔

پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کو 15 گاڑیوں کا استعمال نہیں کرنا چاہیے تھا، اس واقعہ کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پروٹوکول کی وجہ سے بچی کی ہلاکت ہوئی ہے تو اس کی تحقیقات ہونی چاہیے اور اگر انکوائری کے بعد وزیر اعلیٰ کی غفلت ثابت ہوتی ہے تو ان کے خلاف مقدمہ درج کرانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خود صرف دو گاڑیوں کا استعمال کرتے ہیں تو وہ اپنے لوگوں کو اس کے برعکس کرنے کی اجازت کیسے دے سکتے ہیں۔

فیصل واڈا نے کہا کہ ہر چیز ٹی وی کے لیے نہیں ہوتی، بہت سی چیزیں پردے کے پیچھے بھی ہو رہی ہوتی ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے ضرور کچھ سوچ رکھا ہو گا۔


متعلقہ خبریں