وزیراعظم کے متحدہ امیدوار پر ن لیگ نہیں مانی، نیئر بخاری


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ  ہم متحدہ امیدوار چاہتے تھے لیکن نون لیگ نہیں مانی، ہم نے واضح کر دیا تھا کہ وزارت عظمیٰ  کے لیے شہباز شریف کے علاوہ کوئی اور ہو گا تو ہم اسے ووٹ دیں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن صرف صدارتی الیکشن کے لیے نہیں بلکہ پورے پانچ برس کے لیے ہے، ہم مسائل پر بات کریں گے اور اسمبلی کے فلور پر اپنا موقف ظاہر کریں گے۔

نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن ایک بڑی شخصیت ہیں، صدارت کے تمام امیدواروں میں صرف اعتزاز احسن کا قد کاٹھ بڑا ہے۔

نیشنل پارٹی کے رہنما حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے متحدہ اپوزیشن اپنے مقاصد سے ہٹ گئی ہے، اعتزاز احسن سب کے لیے قابل احترام ہیں لیکن ن لیگ کے ارکان ان کو ووٹ دینے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کا رویہ یہی رہا تو ہم حکومت کو مشکل میں نہیں ڈال سکیں گے جس کا تمام تر فائدہ تحریک انصاف کو ہو گا۔

تجزیہ کار عامر احمد خان نے کہا کہ دونوں جماعتوں کا بنیادی مسئلہ مجبوری ہے، سیاسی مجبوریوں کی وجہ سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کھل کر بات نہیں کر پاتیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی یہ انتخابات نہ جیتتی تو نواز لیگ کی حکومت ہی بننی تھی، پیپلزپارٹی کو اول دن سے پتا تھا کہ ان کی مرکز کے اندر حکومت نہیں بن سکتی، پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کا مقصد بلاول کی گرومنگ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ بھول چکی ہے کہ اپوزیشن میں سب سے بڑا اسٹیک ہولڈر وہ ہوتا ہے جو دوسروں کے دماغ سے سوچنے کی کوشش کرے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہمارا المیہ رہا ہے کہ خواتین کو حکومت سازی میں سامنے نہیں لایا جاتا رہا، سیاست میں خواتین کی نمائندگی بہت کم رہی ہے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کی کابینہ میں خواتین کی شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری وفاقی کابینہ میں تین خواتین ہیں، ملک چلانے کے لیے صرف کابینہ کی ضرورت نہیں ہے اور بھی بہت سے ادارے ہیں جہاں ہم خواتین کی شرکت کو لازمی بنائیں گے اور آپ کو نظر بھی آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے حلقے سے بہت سے مرد امیدواروں کو نظر انداز کر کے خاتون کو ٹکٹ دیا گیا، وہ جیت نہیں سکیں لیکن انہیں ہم سامنے لائے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اورمولانا فضل الرحمان کی پارٹی نے ہماری خواتین پر بہت کیچڑ اچھالا، ہم کوشش کریں گے کہ اس حوالے سے قانون سازی کو یقینی بنائیں۔

خاتون اول بشریٰ مانیکا کے شوہر کو پاک پتن ناکے پر روکے جانے والے واقعے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رضوان گوندل کا تبادلہ ہوا ہے لیکن اس کے پس منظر میں وہ کہانی نہیں جو میڈیا سنا رہا ہے، پولیس اور حکومت کا موقف سامنے آنے دیں اس کے بعد ہی اندازہ لگایا جا سکے گا۔


متعلقہ خبریں