عمران اسماعیل آج گورنر سندھ کا حلف اٹھائیں گے


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد کیے گئے عمران اسماعیل آج 33ویں گورنر سندھ کے طور پر عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

شام چھ بجے گورنرہاؤس سندھ میں منعقدہ ایک سادہ لیکن پروقار تقریب میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ، عمران اسماعیل سے حلف لیں گے۔

قیام پاکستان کے وقت 14 اگست 1947 کو غلام حسین ہدایت اللہ نے پہلے گورنر سندھ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں جو انہوں نے چار اکتوبر 1952 تک انجام دیں۔

شیخ دین محمد سات اکتوبر1952 سے آٹھ نومبر 1952 تک، میاں امین الدین 19 نومبر1952 سے یکم مئی 1953 تک، جسٹس جارج بکسنڈال (George Baxandall Constantine ) دو مئی 1953 سے گیارہ اگست 1953 تک، حبیب ابراہیم رحیم تولہ 12 اگست 1953 سے 23 جون 1954 تک، نواب افتخار حسین 24 جون 1954 سے 14 اکتوبر 1955 تک گورنر سندھ رہے۔

جنرل رحمان گل یکم جولائی 1970 سے 22 دسمبر 1971 تک، ممتاز علی بھٹو 23 دسمبر 1971 سے 29 اپریل 1972 تک، میر رسول بخش تالپور یکم جون 1972 سے 14 فروری 1973 تک، بیگم رعنا لیاقت علی خان 15 فروری 1973 سے 28 فروری 1976 تک، محمد دلاور خانجی یکم مارچ 1976 سے پانچ جولائی 1977 تک، عبدالقادر شیخ چھ جولائی 1977 سے 17 ستمبر1978 تک، جنرل ایس ایم عباسی 18 ستمبر 1978 سے چھ اپریل 1984 تک گورنر رہے۔

جنرل جہانداد خان سات اپریل 1984 سے چار جون 1987 تک، اشرف ڈبلیو تابانی پانچ جنوری 1987 سے 23 جون 1988 تک، جنرل رحیم الدین خان 24 جون 1988 سے 12 ستمبر 1988 تک، قدیرالدین احمد 12 ستمبر 1988 سے 18 اپریل 1989 تک، فخرالدین جی ابراہیم 19 اپریل 1989 سے چھ اگست 1990 تک، محمود ہارون چھ اگست 1990 سے 18 جولائی 1993 تک، حکیم محمد سعید شہید 19 جولائی 193 سے 23 جنوری 1994 تک، محمود ہارون 23 جنوری 1994 سے 21 مئی 1995 تک، کمال الدین اظفر 22 مئی 1995 ے 16 مارچ 1997 تک گورنر رہے۔

جنرل معین الدین حیدر 17 مارچ 1997 سے 17 جون 1999 تک، ممنون حسین 19 جون 1999 سے 12 اکتوبر 1999 تک، ایئرمارشل عظیم داؤد پوتہ 25 اکتوبر 1999 سے 24 مئی 2000 تک، محمد میاں سومرو 25 مئی 2000 سے 26 دسمبر 2002 تک، ڈاکٹر عشرت العباد 27 دسمبر 2002 سے نو نومبر 2016 تک، جسٹس سعید الزماں صدیقی گیارہ نومبر 2016 سے 12 جنوری 2017 تک اور محمد زبیر دو فروری 2017 سے 28 جولائی 2018 تک گورنر سندھ کے منصب پر فائز رہے۔

نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں عمران اسماعیل تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے پہلے گورنر ہیں جو آج اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔ پی ٹی آئی چودھری سرور کو پنجاب اور شاہ فرمان کو خیبرپختونخوا کا گورنر نامزد کر چکی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 25 جولائی 2018 کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو حلقہ پی ایس -111 میں شکست دی تھی۔

عمران اسماعیل نے سندھ اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کے بعد صوبائی اسمبلی کی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا تھا اور اب انہوں نے اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے 12 اگست 2018 کو عمران اسماعیل کو گورنر سندھ نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 24 اگست کو پی ٹی آئی رہنما کی بطور گورنر سندھ نامزدگی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا تھا۔

عمران اسماعیل یکم جنوری 1966 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ 52 سال کی عمر میں انہیں گورنر سندھ کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔

صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ مدت تک گورنر رہنے کا اعزاز ڈاکٹر عشرت العباد کو حاصل ہے جو 14 برس تک اس منصب پر فائز رہے۔


متعلقہ خبریں