گلگت بلتستان حکومت وزیراعظم کے خطاب پر سیخ پا

ترجمان گلگت بلتستان وزیراعظم کے خطاب پر سیخ پا | urduhumnews.wpengine.com

گلگت: وزیراعظم عمران خان کے پہلے نشریاتی خطاب پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے اسے مقامی عوام سے عدم دلچسپی قرار دیا ہے۔

پیر کے روز سامنے آنے والے ردعمل میں گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا تھا کہ بھاشا ڈیم کی بات تو کی گئی لیکن وہاں بسنے والے مکینوں کا کوئی ذکر نہیں کیا، عمران خان کو گلگت بلتستان کے عوام سے کوئی دلچسپی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نومنتخب وزیراعظم اس بات سے نابلد ہیں کہ گلگت بلتستان ملک کا معاشی حب ہے۔

فیض اللہ فراق نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے پانی کی کمی کی بات کی لیکن گلگت بلتستان کے گلیشیرز کو بھول گئے، بھاشا ڈیم کی بات تو کی لیکن وہاں کے مکینوں کا ذکر تک نہیں کیا، وزیر اعظم نے دیامر کی زمین پر بننے والے ڈیم کو بهاشا ڈیم  کہہ ڈالا۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے نزدیک گلگت بلتستان میں انسان نہیں بستے اور ان کے خطاب سے گلگت بلتستان میں مایوسی کی لہر پیدا ہوئی ہے۔

عمران خان نے گزشتہ روز بحیثیت وزیراعظم قوم سے اپنے پہلے خطاب میں  ملک کو فلاحی ریاست بنانے، سادگی، صنعتی ترقی، سول سروس، پولیس و عدالتی اصلاحات، ہمسایوں سے بہتر تعلقات، کرپشن کے خاتمے اور نیا بلدیاتی نظام لانے کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں