گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے گورنرز ہاؤس خالی کر دیا


لاہور: گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے گورنرز ہاؤس خالی کر دیا ہے۔

محمد رفیق رجوانہ نے گورنرز ہاؤس کے افسران اور ملازمین سے الوداعی ملاقاتیں  کیں اور ان سے کہا کہ میرے دروازے آپ لوگوں کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں۔

سابق گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا کہنا تھا کہ وہ گورنرز ہاؤس سے خوش گوار یادیں لے کر جا رہے ہیں۔

رفیق رجوانہ نے بدھ  کی صبح لاہور ہائیکورٹ  بار سے خطاب کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور مزید فرائض انجام دینے سے معذرت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اب نئی حکومت بن گئی ہے،  وہ اپنا گورنر نامزد کر لے۔

رفیق رجوانہ کا تعلق جنوبی پنجاب کے شہر ملتان سے  ہے اور وہ طویل عرصے سے مسلم لیگ نون کے ساتھ وابستہ ہیں، رفیق رجوانہ نے 10 مئی 2015  کو گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف لیا تھا۔

رفیق رجوانہ نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز مسلم لیگ نون سے کیا اور  1997 اور 2012 میں دو مرتبہ سینیٹر منتخب ہوئے، رفیق رجوانہ فروری 2014 میں پارلیمانی کمیٹی برائے انتخاب چیف الیکشن کمشنر کے چیئرمین منتخب ہوئے جبکہ اس کے علاوہ بھی رفیق رجوانہ کئی دیگر پارلیمانی کمیٹیوں کے چیئرمین رہے ہیں۔

اس سے قبل گورنر سندھ  اور مسلم لیگ نون کے رہنما محمد زبیر عمر بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں اور اُن کی جگہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ  نامزد کیا ہے۔


متعلقہ خبریں