’پروٹوکول‘ کے ترسے نامزد گورنر کی ‘حرکتیں’ قابل افسوس ہیں


کراچی:  پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنماء اور نو منتخب رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا ہے کہ پروٹوکول کو ترسے  ہوئے نامزد  گورنر سندھ عمران ا سماعیل  کی ‘حرکتیں’  قابل افسوس ہیں۔

پی ٹی آئی کے نامزد  گورنر سندھ عمران ا سماعیل کے مزار قائد  پر پروٹوکول نہ ملنے پر ناراض ہو کر واپس چلے جانے کے معاملے  پر اپنے ردعمل میں سعید غنی نے کہا ہے کہ  بغیر پروٹوکول، سندھ  کے نامزد  وزیراعلیٰ  سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے انتظامیہ کو مزار قائد  پر حاضری کے حوالے سے پہلے ہی آگاہ  کر دیا تھا اور دروازے بند ملنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت  واک تھرو گیٹ سے مزار قائد کے اندر گئی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ سندھ کے نامزد وزیراعلیٰ وی آئی پی گیٹ کے بجائے پبلک گیٹ سے پیدل اندر گئے۔

منگل کی صبح جب عمران ا سماعیل مزار قائد پر حاضری کے لیے پہنچے تو وی آئی پی گیٹ بند تھا اور سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں وی آئی پی گیٹ سے اندر نہیں جانے دیا جس پر نامزد گورنر کی سیکیورٹی اہلکاروں سے تکرار بھی ہوئی  جس کے بعد عمران اسماعیل مزار قائد  پر حاضری دیے بغیر واپس چلے گئے۔

بعد میں پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ کے امیدوار مراد علی شاہ نے نثار کھوڑو، سعید غنی اور دوسرے رہنماؤں کے ساتھ  مزار قائد پر حاضری دی اور وی آئی پی گیٹ کے بجائے واک تھرو گیٹ کے ذریعے مزار کے اندر داخل ہوئے۔


متعلقہ خبریں