ارکان پنجاب اسمبلی کو تقریب حلف برداری میں مہمان لانے کی ممانعت

ارکان پنجاب اسمبلی کو تقریب حلف برداری میں مہمان لانے کی ممانعت

لاہور: پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے نو منتخب اراکین کو 15 اگست کو منعقد کی جانے والی تقریب حلف برداری میں مہمان ساتھ لانے سے منع کردیا گیا ہے۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ایک ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے جس کے متن میں گزارش کی گئی ہے کہ اسمبلی عمارت میں فی الحال گنجائش نہیں معزز ارکان مہمان ساتھ لانے کی زحمت نہ کریں۔

پنجاب اسمبلی انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ نو منتخب اراکین اپنے اسمبلی کارڈ کے لیے قومی شناختی کارڈز کی تین کاپیاں اور چھ عدد تصاویر فورا اسمبلی سیکرٹریٹ بھجوائیں۔

ہدایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ تقریب حلف برداری کے لیے آنے والے اراکین اپنی گاڑیاں اجلاس کے لیے آتے ہوئے نیو ایم پی اے ہاسٹل کے ساتھ  پارکنگ میں کھڑی کریں، ارکان اسمبلی کو داخلی گیٹ پر قائم معاونت ڈیسک سے اسمبلی کارڈز فراہم کیے جائیں گے۔

نومنتخب ارکان اسپیکرکی جانب سے الاٹ کردہ سیٹوں پر بیٹھیں گے جس کے لیے اسمبلی سیکرٹریٹ کا عملہ ان کی رہنمائی کرے گا۔ ارکان اسمبلی کو حلف کے بعد آئین اور اسمبلی قوانین کے متعلق کتب بھی فراہم کی جائیں گی۔

پنجاب اسمبلی کا افتتاحی اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیرصدارت 15 اگست کو ہوگا جس میں نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ اجلاس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

اسمبلی اجلاس کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی۔ نومنتخب ارکان کو خوش آمد ید کہنے کے لیے اسمبلی احاطے میں افسران تعینات کیے جائیں گے۔

ارکان اسمبلی کے حلف کے بعد نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی 15 اگست شام تین سے پانچ بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے۔ جب کہ 16 اگست کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا خفیہ رائے شماری کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب پارلیمانی بورڈ کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے جس کی میزبانی نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کریں گے۔

15 اگست کی شام لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہونے والے اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

پی ٹی آئی کے پنجاب پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں نامزد اسپیکر چوہدری پرویز الہی کی قیادت میں مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی بھی شریک ہوں گے۔


متعلقہ خبریں