ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا


اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 800  میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے، ترجمان توانائی ڈویژن کے مطابق رات آٹھ بجے ملک میں بجلی کی طلب 22 ہزار 8  سو میگاواٹ اور پیداوار 22 ہزار میگاواٹ تھی۔

دوسری جانب 220 کے وی برھان اور 500 کے وی روات گرڈ اسٹیشن  اوور لوڈ  ہونے کی وجہ سے جڑواں شہروں سمیت ارد گرد کے علاقوں میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔

بجلی کے شارٹ فال کی وجہ سے بجلی کی تقسیم کار کمپنی، آئیسکو کے زیر انتظام مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ عروج  پر پہنچ گئی ہے۔

ترجمان اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے مطابق مختلف علاقوں میں 114 میگا واٹ کی لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے، متاثرہ علاقوں میں مری، نیلور، ترامڑی، سٹیلائٹ ٹاون، کینٹ، چکوال، فتح جنگ، اٹک اور سنجوال کے علاقے شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ لوڈ نارمل ہوتے ہی متاثرہ علاقوں کو شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی شروع  کر دی جائے گی۔

گزشتہ کچھ دنوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں اضافے کے ساتھ  ہی بجلی کی فراہمی میں تعطل معمول بن گیا ہے، ملک بھر میں بجلی کی لائنوں میں خرابی اور طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ کے باعث عوام بلبلا اٹھے ہیں۔

اتوار کے  روز لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی میں تعطل کا دورانیہ بڑھ  گیا  تھا جس کی وجہ سے گرمی اور حبس کا شکار شہری مزید اذیت سے دوچار ہو گئے۔

’ہم نیوز‘ کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو)  کو اپنے صارفین تک بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے  3900 میگاواٹ بجلی درکار ہے لیکن نیشنل پاور کنسٹرکشن اینڈ  کنزمپشن(این پی سی سی) کی جانب سے صرف  3547  میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

اعداد وشمار کے تحت بجلی کی طلب و رسد کا فرق 350 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے جس کے سبب  لاہور میں بھی اعلانیہ اورغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا  دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں