عمران خان کا ساتھ دینے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، علیم خان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ میں مفاد پرست ہوتا تو خیبرپختونخوا (کے پی) میں سرمایہ کاری کرتا، عمران خان کے ساتھ ہونے کی وجہ سے مجھے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عبدالعلیم  خان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالا  کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں 11 سال سے اپوزیشن میں ہوں اور عمران خان کے ساتھ  تبدیلی کی جنگ لڑ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں جو بھی زمین خریدتا ہوں اس کا اسٹیٹس ہی تبدیل کردیا جاتا ہے، میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے ) اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے ) کا 10 سال سے مقابلہ کر رہا ہوں۔

عبدالعلیم خان نے دعویٰ کیا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں مجھے کاروبار کرنے نہیں دیا جا رہا جبکہ کے پی میں تحریک انصاف کی حکومت ہونے کے باوجود وہاں ایک روپے کا بھی کاروبار نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں جب میڈیا دیکھتا ہوں تو لگتا ہے جیسے میں گزشتہ حکومت کا حصہ تھا، جہاں میرے حوالے سے بات کی جاتی ہے وہاں مجھے بلایا ہی نہیں جاتا، معلوم نہیں کیوں گیارہ سال بعد سارے کیڑے مجھ میں ہی نظر آ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میرے جن ولاز پر تنقید کی جا رہی ہے وہ میں نے 2010 میں خریدے تھے اور یہ ایک رجسٹرڈ سوسائٹی تھی جس کے پاس تمام این او سی تھے، سوسائٹی فروخت کرنے کے بعد میں نے اس کے ارد گرد کی زمینیں خریدنا شروع  کیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سارے اداروں نے میری بنائی گئی سوسائٹی میں اپنے ملازمین کے لیے پلاٹ خریدے ہیں جبکہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) اسکینڈل کا الزام بھی مجھ  پر لگایا گیا ہے۔

عبد العلیم خان نے کہا کہ میری باہر کی کمپنیوں کے بارے میں بھی باتیں کی گئیں، میں نے اپنی مکمل منی ٹریل دی ہے اور اپنے چاروں فلیٹ کی مالیت بھی بتا چکا ہوں، میری تمام چیزیں کلیئر ہیں۔


متعلقہ خبریں