جی ڈی اے نے3 اگست سے سندھ میں احتجاج کی کال دے دی

تین اگست سےسندھ بھرمیں احتجاج کیا جائے گا، پیر پگاڑا|humnews.pk

خیرپور: حروں کے  روحانی پیشوا اور گرینڈ  ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے چیئرمین پیر صبغت اللہ شاہ راشدی  نے کہا ہے کہ جی ڈی اے انتخابی نتائج  مسترد  اور سندھ میں دوبارہ الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے متنبہ کیا کہ جی ڈی اے تین اگست سے سندھ  بھر میں احتجاج کرے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی اورتیسرے مرحلے میں شاہراہوں کو بند کیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ کراچی میں احتجاجی جلسے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

پیر صبغت اللہ شاہ راشدی المعروف پیر پاگارہ  نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر استعفیٰ دیں کیونکہ الیکشن کچھ  نہیں تھے، دھاندلی دراصل 12 جولائی سے شروع  ہو چکی تھی اور پولنگ ختم  ہونے کے بعد اس کا نتیجہ دے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی اور اندرون سندھ  دانستہ طور پر پولنگ سست روی سے کی گئی، منصفانہ انتخابات کے نام  پر قوم کو بیوقوف بنایا گیا، جب جھگڑا پنجاب میں تھا تو سندھ  کا مینڈیٹ کیوں چرایا گیا۔

پیر پاگارہ نے یہ بھی کہا کہ ہم عدالت جائیں گے اور انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کرائیں گے لیکن عمران خان کی حکومت بننے سے نہیں روکیں گے کیونکہ عمران خان نے جو وعدے کیے ہیں اگر وہ پورا کرتے ہیں تو ملک کے حالات بہتر ہوں گے۔

انہوں نے سوال کیا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کیوں مسترد کی جارہی ہے، یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ملک کو ایک بار پھر 1977 کے حالات کی جانب دھکیلا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں