وفاق و پنجاب میں حکومت سازی: پی ٹی آئی آخری مرحلہ طے کرلے گی؟


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس آج (بروز پیر) بھی منعقد ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں وفاق اور پنجاب میں حکومتوں کی تشکیل کے متعلق صلاح و مشورہ کیا جائے گا۔

ہم نیوز کو پارٹی کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ حکومت سازی کے متعلق تمام امورآخری مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کے لیے 134 اراکین صوبائی اسمبلی کی حمایت بھی مل گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی بنی گالہ میں پی ٹی آئی کے سربراہ سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر وہ پارٹی میں شمولیت کا بھی اعلان کریں گے۔

پی ٹی آئی سربراہ کی لاہورڈویژن سے جیتنے والے اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے کل اراکین کی تعداد 371 ہے جن میں سے جنرل نشستیں297 اورمخصوص 74 ہیں۔ مخصوص نشستوں میں سے 66 خواتین کے لیے اورآٹھ اقلیتوں کے لیے مختص ہیں۔

آئین و قانون کے مطابق صوبہ پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے 149 نشستوں کی حمایت لازمی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تصدیق شدہ اور حتمی نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی 129 نشستیں ہیں جب کہ پی ٹی آئی 123 اور پاکستان پیپلزپارٹی نشستوں کے ساتھ ایوان میں براجمان ہوگی۔

پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ(ق) سات، بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) ایک اور پاکستان عوامی راج پارٹی ایک نشست کے ساتھ اپنی موجودگی یقینی بنا چکی ہے۔

پنجاب میں حکومت سازی کی تشکیل میں سب سے زیادہ اہمیت ختیارکر جانے والے آزاد منتخب اراکین اسمبلی کی تعداد 28 ہے۔

پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) بھی سرگرم ہے اورحمزہ شہبازشریف کا یہ دعویٰ بھی سامنے آچکا ہے کہ قوم نے صوبائی حکومت بنانے کا حق ہمیں دیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کا بھی ایک اعلیٰ سطحی وفد اسی ضمن میں سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پی ایم ایل (ن) سے گزشتہ شام سے رابطے میں ہے۔


متعلقہ خبریں