11اگست: وزارت عظمی کا حلف ڈی چوک میں!


اسلام آباد: پاکستان کے گیارہویں عام انتخابات کے بعد قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آنے والی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزارت عظمی کا حلف اسلام آباد کے ڈی چوک میں اٹھانا چاہتے ہیں جس کے لیے گیارہ اگست کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

عمران خان نے وزارت عظمی کے حلف کے لیے گیارہ اگست کی تاریخ کی تصدیق کر دی ہے تاہم ڈی چوک کے مقام کا حتمی تعین ہونا باقی ہے۔

بنی گالہ میں خیبرپختونخوا کے ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کا فیصلہ کر لیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں اس کا اعلان کر دیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ وہ وزارت اعلیٰ کے حوالے سے کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ اس وقت وزیراعلیٰ سے متعلق انہوں نے جو بھی فیصلہ کیا ہے وہ عوام کی بہتری کے لیے کیا ہے۔ اس موقع پر صوبہ سندھ کی بات کرتے ہوئے انہوں نے اندرون سندھ کی پسماندگی کے خاتمے کو پی ٹی آئی کی اولین ترجیح قرار دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے اس بات کا امکان ظاہر کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان عوامی تقریب میں وزیراعظم پاکستان کا حلف اٹھائیں گے۔

نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ عمران خان کی ترجیح یہی ہو گی کہ وہ کسی ایسی جگہ حلف برداری کی تقریب منعقد کریں جہاں ہزاروں لوگ انہیں وزیراعظم پاکستان کا حلف لیتے ہوئے دیکھ سکیں۔ شاید اس کے لیے ڈی چوک مناسب جگہ ہو، لیکن جو بھی فیصلہ ہو گا اس سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرسیکیورٹی کلیرنس مل گئی تو پی ٹی آئی چیئرمین ہزاروں عوام کے سامنے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

تحریک انصاف کی جانب سے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کو ٹاسک دیا گیا ہے۔ پنجاب کے آزاد اراکین اسمبلی کی حمایت اس صوبے کی وزارت اعلیٰ کے لیے بنیادی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔


متعلقہ خبریں