چیف الیکشن کمشنر فوری استعفی دیں، فرحت اللہ بابر


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان فرحت اللہ بابر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرسکا اس لیے چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔

مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کے وفود کے درمیان حکومت سازی کے حوالے سے ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے مسلم لیگ نون سے درخواست کی ہے کہ پارلیمان کا فورم نہ چھوڑا جائے کیونکہ پارلیمان میں رہ کر ہی تمام قوتوں کو بے نقاب کیا جا سکتا ہے۔

فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا ایک وفد اس سلسلے میں جلد ایم ایم اے کے رہنماؤں سے ملاقات کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلزپارٹی کے وفود کی ملاقات میں عام انتخابات کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور حلف نہ اٹھانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے وفد میں خورشید شاہ، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، شیری رحمان، فرحت اللہ بابر اور قمرزمان کائرہ جب کہ مسلم لیگ نون کے وفد میں شاہد خاقان عباسی، سردار مہتاب عباسی اور سردار ایاز صادق شامل تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو بھی انتخابی عمل پر تحفظات ہیں تاہم وہ اپنا مقدمہ پارلیمنٹ میں رہ کر لڑنا چاہتی ہے۔ مسلم لیگ نون کی جانب سے متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے ) کی تجاویز بھی پیش کی گئی۔

 


متعلقہ خبریں