نئی حکومت آنے سے پہلے ڈالر کو جھٹکا


لاہور: الیکشن 2018ء کے نتائج کے ساتھ ہی لاہور اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان شروع ہوا اور ساتھ ہی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی بھی دیکھنے میں آئی۔ گزشتہ روز رواں کاروباری ہفتے کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت دو روپے فی ڈالر کم ہو گئی جس کے نتیجے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 127 روپے 20 پیسے میں فروخت ہوتا رہا جبکہ انٹر بینک ڈالر کی قیمت فروخت 128 روپے رہی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے پہلے کاروباری روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپے اضافے کے ساتھ  131 روپے ہو گئی تھی جسے معاشی ماہرین نے پاکستانی معیشت کے لیے بڑا جھٹکا قرار دیا تھا۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی ٹریڈنگ 128  روپے 50 پیسے  پر ہوتی  رہی۔

20 جولائی کو کاروباری ہفتے کے اختتام پرامریکی ڈالر کی قیمت اس وقت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح  پر پہنچی تھی جب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 130 روپے کا ہو گیا تھا۔

کرنسی ڈیلرزکے مطابق ڈالر کی طلب میں اچانک اضافہ ہونے سے اس کی قدر بھی بڑھ  گئی تھی۔ کرنسی ڈیلرز نے اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ نہ صرف بر قرار رہے گا بلکہ اس میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ معاشی  ماہرین نے بھی ڈالر کی قدر میں حیران کن اضافے کو ملکی معیشت کے لیے انتہائی مشکلات کا پیش خیمہ جانا تھا۔

ڈالر کی قدر میں حالیہ کمی کو ماہرین اور مبصرین نے پاکستانی معیشت کے لیے مثبت علامت قرار دیا ہے۔


متعلقہ خبریں