پی ٹی آئی کے شہید امیدوار اکرام گنڈا پور کی تدفین، مقدمہ درج


ڈیرہ اسماعیل خان: اتوار کو خود کش حملے میں شہید ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سرداراکرام اللہ گنڈا پور کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی، ان کی تدفین آبائی قصبے کلاچی میں ان کی رہائش گاہ میں کی گئی ہے۔

نماز جنازہ میں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سمیت سول اورعسکری حکام نے شرکت کی جن میں کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی بھی شامل تھے۔

اکرام اللہ گنڈا پور پر حملہ کا مقدمہ نامعلوم افراد  کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، پولیس تحقیقات میں مصروف ہے، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

اتوار کے روز خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 99  ڈیرہ اسماعیل خان سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار اکرام اللہ گنڈاپور خودکش حملے میں شہید ہو گئے تھے، حملے میں ان کا ڈرائیور بھی شہید ہوا تھا۔

موجودہ انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کے مختلف واقعات میں تین امیدوار جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور، مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پی ٹی آئی کے امیدوار سردار اکرام اللہ گنڈاپور شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں