تل ابیب: اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نے حالیہ جنگ کو اسرائیل کی آخری جنگ قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ وعدہ نہیں کر سکتے کہ مستقبل میں اسرائیل کو مزید جنگوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دشمن اب بھی اسرائیل کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس لیے ملک کو آئندہ بھی ممکنہ خطرات اور سازشوں کے خلاف چوکنا رہنا ہو گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ تنازع کو آخری جنگ قرار دینا حقیقت پسندانہ نہیں ہو گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ عندیہ دیا گیا تھا کہ امریکا ممکنہ طور پر آئندہ دو سے تین ہفتوں میں ایران کے خلاف جنگ سے علیحدگی اختیار کر سکتا ہے۔ چاہے کوئی باضابطہ معاہدہ طے نہ بھی ہو۔
یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ ختم کرنے کو تیار لیکن مستقبل میں حملہ نہ ہونے کی ضمانت مانگ لی، ایرانی صدر
اس بیان کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اشارہ دیا ہے کہ اسرائیل اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا۔ اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفاعی اقدامات میں کمی نہیں کی جائے گی۔
