خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے ماندل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مکان کی چھت اچانک گرنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ رات کے وقت پیش آیا جب گھر میں موجود افراد سو رہے تھے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پرموقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
مردان میں پہاڑ کا تودہ گرنے سے 9 افراد جاں بحق، متعدد ملبے تلے دب گئے
اہلکاروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری اور مقامی افراد کی مدد حاصل کی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں ملبے سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق چھت گرنے کی وجہ عمارت کی کمزور ساخت بتائی جا رہی ہے، تاہم حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
