مری پولیس نے آئندہ چند روز کے دوران شدید موسمی حالات کے پیش نظر مری اور گردونواح کے علاقوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر کی جانب سے سیاحوں اور مقامی شہریوں کے لیے خصوصی ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم اپریل سے 10 اپریل تک مری اور ملحقہ علاقوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ جبکہ جمعہ 3 اپریل اور ہفتہ 4 اپریل کو موسم کی صورتحال انتہائی خراب ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی پی او مری نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ جس سے سیاحوں اور مسافروں کی جان و مال کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں بارش کا امکان 80 فیصد ہے۔ جبکہ درجہ حرارت گر کر 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک افغان ایڈیشنل سیکرٹری لیول کے مذاکرات شروع
پولیس نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں اور ہنگامی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
