پاکستان میں مارچ 2026 کے دوران مہنگائی کی سالانہ شرح 7.3 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو حکومتی اندازوں سے کم ہے۔
ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق فروری میں یہ شرح 7 فیصد تھی، جبکہ مارچ 2025 میں مہنگائی نہایت کم سطح 0.69 فیصد پر ریکارڈ کی گئی تھی۔
جاری مالی سال کے ابتدائی نو ماہ میں مہنگائی کی اوسط شرح 5.65 فیصد رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 5.24 فیصد تھی۔
وزارتِ خزانہ نے مارچ کیلئے مہنگائی کا تخمینہ 7.5 سے 8.5 فیصد کے درمیان لگایا تھا، تاہم اصل شرح اس سے کم رہی۔
رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے ترسیلات زر میں اضافے، خصوصاً عید کے موقع پر، معاشی سرگرمیوں پر مثبت اثر ڈالنے کی توقع ہے، تاہم یہ میزبان ممالک کی معاشی صورتحال پر منحصر ہوگا۔
بروکریج ہاؤسز عارف حبیب لمیٹڈ اور جے ایس گلوبل نے بھی مہنگائی کی شرح بالترتیب 7.6 اور 7.3 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی تھی۔
