اسلام آباد ہائیکورٹ نے عید کے چاند کے اعلان میں تاخیر سے متعلق دائر درخواست نمٹا دی۔
شہری کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نوٹس کے اجرا سے درخواست گزار کو کوئی پریشانی ہوئی، جس پر انہوں نے نفی میں جواب دیا۔
درخواست گزار نے رویتِ ہلال کے عمل پر اعتراض کیا کہ چاند دیکھنے کے لیے استعمال ہونے والی مشین الٹی نصب تھی، اور اس حوالے سے ویڈیو ثبوت بھی موجود ہے، جو موبائل فون میں محفوظ ہے۔
عید کا چاند نظر آتے ہی فوری اعلان کیا جائے، شہری کی ہائیکورٹ سے انوکھی استدعا
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر مشین الٹی تھی تو اس سے کوئی عملی نقصان یا مسئلہ پیدا ہوا؟ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ جمعے کو عید ہونی چاہیے تھی، تاہم رویت ہلال کمیٹی نے ہفتے کو عید کا اعلان کیا۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست کو نمٹاتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ اس معاملے میں فی الحال مزید کارروائی نہیں کی جائے گی۔
