چار بار کی عالمی چیمپیئن اٹلی کی قومی فٹبال ٹیم مسلسل تیسری بار فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔
اٹلی کو بوسنیا و ہرزیگووینا کی قومی ٹیم نے پلے آف میں پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دی۔
زنیتسا میں کھیلے گئے میچ میں اٹلی کو ابتدائی طور پر برتری حاصل تھی، تاہم ایک کھلاڑی کے ریڈ کارڈ کے بعد بوسنیا نے واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابر کیا اور پھر پنالٹیز میں 4-1 سے کامیابی حاصل کر لی۔
دوسری جانب چیک ریپبلک نے ڈنمارک کو پنالٹیز پر ہرا کر 2006 کے بعد پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا، جبکہ سویڈں کی قومی ٹیم نے پولینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹورنامنٹ میں جگہ بنائی۔
اسی طرح ترکیہ نے کوسووو کو 1-0 سے شکست دے کر 2004 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کی، جبکہ کانگو نے جمیکا کو ہرا کر تاریخ میں دوسری بار ایونٹ کیلئے کوالیفائی کیا۔
کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کو مختلف گروپس میں شامل کر دیا گیا ہے، جہاں بوسنیا گروپ بی، چیکیا گروپ اے، سویڈن گروپ ایف، ترکی گروپ ڈی اور ڈی آر کانگو گروپ کے میں مقابلہ کریں گے۔
