ملک کے مختلف علاقوں میں تین تیز بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 2 سے 4 اپریل کے دوران تیز بارشوں کا امکان ہے۔
بنوں، لکی مروت، ہنگو، کوہاٹ، پشاور اور نوشہرہ کے علاوہ چارسدہ، سوات، چترال، دیر، شانگلہ اور مہمند میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مزید برآں ڈی آئی خان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور کوہستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ تیز بارشوں کے باعث دریائے کابل اور اس سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ سوات، چترال، دیر، بونیر اور شانگلہ میں فلیش فلڈ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے نے دریائے کابل کے کنارے آباد لوگوں کو محتاط رہنے، جبکہ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو اپنے جانور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نشیبی علاقوں میں غیر ضروری آمدورفت محدود رکھنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کے مطابق آج وزیرستان، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، کرک اور ہنگو میں شام کے وقت بارش متوقع ہے، جبکہ کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، مہمند، ہری پور اور ایبٹ آباد میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وکلاء کے گاؤن پہننے کی پابندی ختم
محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ مانسہرہ، بونیر، سوات، دیر، چترال، مردان اور پشاور میں رات کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی 4 اپریل تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، ڈیرہ غازی خان اور لیہ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر میں بارش کی توقع ہے، ڈیرہ غازی خان اور کوہ سلیمان کے برساتی نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
