اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے ملاقات کی، جس میں توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فرانسیسی سفیر نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی مؤثر سپلائی حکمت عملی کوسراہتے ہوئے کہا کہ دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کے برعکس پاکستان نے صورتحال کو کامیابی سے سنبھالا ہے اورملک میں کسی قسم کی افراتفری دیکھنے میں نہیں آئی۔
علی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ فعال اورمربوط فیصلوں کے باعث پاکستان اب تک اس چیلنج سے کامیابی کے ساتھ نمٹ رہا ہے۔
ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، نوٹیفکیشن بھی جاری
انہوں نے بتایا کہ شہبازشریف کی قیادت میں بدلتی ہوئی عالمی سپلائی چین صورتحال کے پیش نظر مؤثر نظام قائم کیا گیا، جس کے تحت متبادل ذرائع سے پیٹرولیم سپلائی کو یقینی بنایا گیا۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام پر بوجھ کم رکھنے کیلئے قیمتوں کا دباؤ خود برداشت کیا اورمناسب مالی معاونت کے ذریعے گردشی قرضے میں اضافے سے بھی بچاؤ ممکن بنایا، کمزور طبقات کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی کے اقدامات پر بھی کام جاری ہے۔
فرانسیسی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے تعلقات مضبوط ہیں اور توانائی کے شعبے میں تعاون میں مزید اضافہ ہو رہا ہے جبکہ فرانسیسی کمپنیوں کی پاکستان کے مائننگ سیکٹر میں دلچسپی بھی بڑھ رہی ہے۔
