کراچی: سندھ میں تعلیمی نظام سے متعلق ایک اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے صوبے میں ہفتے میں 2 دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا۔
صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اب سندھ کے تمام اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار کو تعطیل ہوا کرے گی۔ یعنی ہفتے میں دو دن چھٹی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں نیا تعلیمی سال کل یکم اپریل سے باقاعدہ طور پر شروع ہو رہا ہے۔ جس کے ساتھ ہی تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو جائیں گی۔
دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں تدریسی عمل کل یکم اپریل سے شروع ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب آن لائن کلاسز کے بجائے روایتی (فزیکل) کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ جب کہ ہفتے کے دن تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں یکم اپریل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان
حکومت سندھ کی جانب سے اس فیصلے کو طلبا اور اساتذہ کے لیے سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔ جس سے تعلیمی نظام کو مزید منظم بنانے میں مدد ملے گی۔
