اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم امہ کا اتحاد خطے کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے 4 ملکی وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزرائے خارجہ کو اسلام آباد میں ممکنہ امریکا ایران مذاکرات پر بریفنگ دی ہے۔ اس نازک صورتحال میں برادر ملکوں کے وزرائے خارجہ کی آمد پر شکرگزار ہیں۔ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ برادر ملکوں کے وزرائے خارجہ کی آمد ہمارے مضبوط تعلقات کی عکاس ہے۔ ہماری توجہ خطے کے امن و استحکام پر مرکوز ہے۔ وزرائے خارجہ کا پہلا اجلاس 19 مارچ کو ریاض میں ہوا تھا۔ اور وزرائے خارجہ نے سفارت کاری کو مکمل سپورٹ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں خطے کی بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ مسلم امہ کا اتحاد خطے کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ چارٹر کے تحت تمام ملکوں کی سلامتی اور خودمختاری کا احترام کیا جانا چاہیے۔ وزیر اعظم کی قیادت میں علاقائی اور عالمی امن کے لیے پاکستان بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے کاوشیں کر رہا ہے۔ اور چین پاکستان کے تعمیری کردار کی بھرپور حمایت کر رہا ہے۔ پاکستان کی امن کے لیے تعمیری کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے۔ پاکستان خطے میں امن کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کی آبنائے ہرمز میں پاکستان کیلئے خصوصی رعایت
انہوں نے کہا کہ وزرائے خارجہ نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اور تینوں وزرائے خارجہ نے مذاکرات کے لیے کیے گئے اقدامات کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزرائے خارجہ نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔
