محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
اسلام آباد اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارش متوقع ہے۔
کراچی میں آج بھی آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی، اورگرج چمک کے ساتھ جم کر بادل برسیں گے،شہر میں آج کہیں تیز اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 55.6 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کی وجہ سے مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ کراچی میں تیزآندھی اوربارش کےدوران مختلف علاقوں میں چھت گرنےکےواقعات ہوئے، انچارج جناح اسپتال ایمرجنسی ڈاکٹر نوشین رؤف نے کہا کہ مختلف علاقوں سے 73زخمی جناح اسپتال منتقل کیےگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے، جن میں لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈیرہ غازی خان، خوشاب اور نورپور تھل شامل ہیں۔
بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، مستونگ، بارکھان، کوہلو، بولان، سبی، نصیر آباد، لورالائی، خضدار، کیچ اور پنجگور میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح سندھ کے مختلف شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جن میں کراچی، حیدرآباد، دادو، جیکب آباد، نوشہرو فیروز، کشمور، لاڑکانہ، سانگھڑ، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، شہید بینظیر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص اور عمرکوٹ شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
افغانستان میں عید، آج پاکستان میں چاند دیکھا جائے گا
مزید برآں آواران، تربت اور لسبیلہ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ 21 مارچ تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ 24 سے27 مارچ کےدوران بھی مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سمیت سندھ میں بارش کا سبب بن سکتا ہے ۔
