وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اسٹیج اداکارہ دیدار کے شوہر جہانزیب کو مبینہ انسانی اسمگلنگ اور بیرون ملک ملازمت کے نام پر فراڈ کے مقدمے میں گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتاری ایف آئی اے کی اسلام آباد اور لاہور کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کے دوران کی۔ کارروائی کی قیادت انسپکٹر عبداللہ کیانی نے کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش پر شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جہاں آٹھ محافظوں نے مبینہ طور پر ملزم کو بچانے کی کوشش کی۔ مزاحمت کے بعد مدد کے لیے پنجاب پولیس کو طلب کیا گیا۔
حکام کے مطابق بعد ازاں ایف آئی اے ٹیم ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی اور اسے لاہور سے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا جہاں مزید تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم اسلام آباد زون کو مطلوب تھا اور اس پر الزام ہے کہ اس نے بیرون ملک ملازمت دلوانے کے نام پر ہزاروں افراد کو دھوکا دیا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے پہلے اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں دفتر قائم کیا تھا جہاں سے مبینہ طور پر یہ کاروبار چلایا جا رہا تھا۔ بعد ازاں دارالحکومت چھوڑنے کے بعد اس نے یہی سرگرمیاں لاہور میں جاری رکھیں۔
ذرائع کے مطابق اسٹیج اداکارہ دیدار کے بارے میں بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ اس کاروبار میں مبینہ طور پر شریک تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور آئندہ دنوں میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بعض شہریوں نے اس معاملے پر کارروائی کے لیے آرمی چیف کو بھی درخواستیں دی ہیں۔
